نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں تزئین و آرائش کے کام کی اہم تفصیلات سامنے آگئیں

 

 

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 اگست 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فروری 2025ء میں شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی (این بی ایس کے) میں تزئین و آرائش شروع کردی ہے ۔ اس وقت بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے نسیم الغنی انکلوژر سے اقبال قاسم انکلوژر تک مسماری کا عمل جاری ہے۔ مزید برآں مینوئل سکور بورڈ ٹاور کو ایک نئے سٹرکچر کے لیے راستہ بنانے کے لیے توڑا جا رہا ہے جس میں براڈکاسٹروں کے بیٹھنے کے لیے میڈیا باکسز ہوں گے اور مبصرین کے لیے ایک مخصوص جگہ ہوگی۔
نئے مہمان نوازی کے خانے اور ایک میڈیا گیلری بھی اس نئی جگہ پر تعمیر کی جائے گی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان رواں ماہ کے آخر میں کراچی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران تعمیراتی کام عارضی طور پر روک دیا جائے گا اور دن کے اختتام پر دوبارہ شروع ہو جائے گا۔
پاکستان تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں فروری سے مارچ تک آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی میزبانی کرنے والا ہے۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے تقریباً 70 ملین ڈالر کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top